صدارتی خطاب: ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر (صدر جمیعت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل)
تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر صاحب نے المؤسسہ العلمیہ العصریہ اور ڈاکٹر عزیر محمود الازہری کی گراں قدر تعلیمی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا:
’’المؤسسہ العلمیہ العصریہ ان عظیم اداروں میں سے ہے کہ پڑھیں آپ پاکستان میں اور ڈگری جامعۃ الازہر سے حاصل کریں۔ ڈاکٹر عزیر محمود الازہری کی کوششیں قابلِ قدر اور لائقِ تحسین ہیں جنہوں نے پاکستانی علماء و طلباء کے لیے جامعۃ الازہر مصر سے علم حاصل کرنے کے راستے آسان بنا دیے۔‘‘
مرکزی خطاب: ڈاکٹر صاحبزادہ عزیر محمود الازہری (صدر المنظمۃ العالمیۃ شاخ جامعۃ الازہر پاکستان)
تقریب کے روحِ رواں اور مرکزی مقرر ڈاکٹر صاحبزادہ عزیر محمود الازہری (ممبر اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان) نے اپنے ولولہ انگیز اور بصیرت افروز خطاب میں فرمایا:
’’علم حاصل کرنے والے اور بانٹنے والے وہ عظیم لوگ ہوتے ہیں جنہیں نبی کریم ﷺ اپنی سنگت اور معیت کے ساتھ خاص ایوارڈ عطا فرماتے تھے، اور یہ ایوارڈ کائنات کا سب سے عظیم اعزاز اور تمغہ ہے۔ جامعۃ الازہر الشریف پوری دنیا میں امن، اعتدال اور وسطیت کا عالمگیر مرکز ہے۔ الحمدللہ ہم نے یہ مخلصانہ کوشش کی کہ پاکستان کے نوجوان اہل علم و دانش کو بلا تفریق و تعصب اس عظیم بین الاقوامی علمی مرکز کے ساتھ جوڑ دیا جائے، جس کا کھلا ثبوت آج کی اس پروقار تقریب میں معزز علماء، مشائخ اور یونیورسٹیز کے پروفیسر حضرات کا جامعۃ الازہر کی مستند سند حاصل کرنا ہے۔‘‘
مصر سے آن لائن خطاب: ڈاکٹر حسن صغیر (سربراہ الازہر اکیڈمی مصر)
مصر سے براہِ راست آن لائن خطاب میں ازہر اکیڈمی کے سربراہ ڈاکٹر حسن صغیر صاحب نے پاکستانی علماء، مشائخ اور یونیورسٹی پروفیسرز کو سندِ فضیلت حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے جامعۃ الازہر سے علمی استفادے کے تسلسل پر زور دیا تاکہ معاشرے سے انتہا پسندی اور شدت پسندی کی لہر کو ختم کر کے اسے امن کا گہوارہ بنایا جا سکے۔ انہوں نے ڈاکٹر عزیر محمود الازہری کی مخلصانہ کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہا۔
خصوصی خطاب: ڈاکٹر یحییٰ الکتانی (امام و خطیب جامعۃ الازہر و وزارتِ اوقاف مصر)
جامعۃ الازہر اور مصری اوقاف کے معروف امام و خطیب ڈاکٹر یحییٰ الکتانی نے اس شاندار تقریب کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کیا اور ڈاکٹر عزیر محمود الازہری کو جامعۃ الازہر کی معتدل و متوازن فکر کو پاکستان کے گوشے گوشے میں عام کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اہل پاکستان کو اسلام کی حقیقی، معتدل اور پرامن فکر کو مضبوطی سے تھامے رہنے کی پرزور تلقین کی۔
جامعۃ الازہر کی سندِ فضیلت حاصل کرنے والی ممتاز شخصیات
- مخدوم ندیم ہاشمی (کھوڑا شریف)
- پیر کمال سلطانی
- ڈاکٹر سجاد علی رئیسی (ڈائریکٹر اسلامک اسٹڈیز، شاہ لطیف یونیورسٹی)
- حکیم سید زہیر احمد (چیئرمین فیض مشتاق فاؤنڈیشن)
- پیر عثمان شاہ فیروزی
- محترم جناب جواد رضا خان (پوتے اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان فاضل بریلویؒ)
- پیر عبدالغنی شاہ
- پروفیسر فخیم الشیم (مکان شریف پنجاب)
- میاں محمد مستفیض شیر محمد (شرقپور شریف)
- علامہ افتخار عباسی
- محمد عامر یعقوب نقشبندی
تقریب میں شریک مقتدر قومی و بین الاقوامی شخصیات
اس باوقار تقریب میں بنگلہ دیش سے تشریف لائے ہوئے عظیم اسکالر ڈاکٹر سید ارشاد بخاری، مرکزی امیر جماعت اہل سنت پاکستان پیر عبدالخالق بھرچونڈی، امام ربانی مجدد الف ثانی کے خانوادے کے چشم و چراغ پیر آغا فضل ربی مجددی اور پیر آغا فضل الرحمن مجددی، چیئرمین پاکستان سنی تحریک ثروت اعجاز قادری، سربراہ پاکستان سنی تحریک شاداب رضا نقشبندی، مشیر وزیر اعلیٰ سندھ امان اللہ مسعود، پیر سید عثمان شاہ راشدی، ڈین فیکلٹی آف لاء کراچی یونیورسٹی بیرسٹر سرفراز میتلو، ڈائریکٹر IBA ڈاکٹر احمد صدیقی، ڈین فیکلٹی آف اسلامک اسٹڈیز کراچی یونیورسٹی ڈاکٹر زاہد علی زاہدی، ڈاکٹر نور احمد شہتاز، کرنل افتخار نوری، معروف کاروباری شخصیات شیخ محمد محسن، شیخ محمد عرفان، زین منڈیا والا، حنیف میمن سمیت کثیر تعداد میں علماء، مشائخ، یونیورسٹی پروفیسرز، وکلاء اور تاجر برادری نے بھرپور شرکت کی اور ڈاکٹر عزیر محمود الازہری کی بین الاقوامی علمی خدمات کو دل کی گہرائیوں سے سراہا۔