ممبر اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان اور ڈائریکٹر المؤسسہ العلمیہ العصریہ، ڈاکٹر صاحبزادہ عزیر محمود الازہری نے سیلانی انٹرنیشنل ویلفیئر ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام منعقدہ نیشنل اسلامک اکنامک فورم کانفرنس 2026 (4NIEF) میں خصوصی شرکت فرمائی۔
سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی بے لوث سماجی و تعلیمی خدمات کو خراجِ تحسین

اس موقع پر ڈاکٹر صاحبزادہ عزیر محمود الازہری نے سیلانی انٹرنیشنل ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے غریب اور مستحق افراد کی امداد، بے روزگار نوجوانوں کو آئی ٹی (IT) کے شعبے میں جدید ترین اور مارکیٹ کے مطابق عملی تربیت فراہم کرکے باعزت روزگار کے مواقع مہیا کرنے، اور دیگر شعبہ ہائے زندگی میں سماجی و فلاحی خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ انہوں نے فرمایا کہ سیلانی گزشتہ کئی برسوں سے دکھی انسانیت اور معاشرے کی بے لوث خدمت کر رہا ہے اور بلا تفریق لاکھوں افراد کی زندگیوں میں مثبت اور پائیدار تبدیلی کا مؤثر ذریعہ بنا ہے۔

سود سے پاک پاکستان: روایتی بینکاری سے اسلامی بینکاری کی طرف تاریخی پیش رفت

انہوں نے زور دے کر کہا کہ نیشنل اسلامک اکنامک فورم کانفرنس 2026 کے انعقاد کے ذریعے سیلانی نے ایک نہایت اہم قومی اور دینی مقصد کی جانب عملی قدم اٹھایا ہے، اور وہ ہے سود سے پاک پاکستان، یعنی سودی (کنونشنل) بینکاری نظام کو مکمل طور پر اسلامی بینکاری نظام میں تبدیل کرنے کی تاریخی جدوجہد۔

ڈاکٹر صاحبزادہ عزیر محمود الازہری نے اس اقدام کو دورِ حاضر کی سب سے اہم ترین ضرورت قرار دیتے ہوئے اس دلی امید اور دعا کا اظہار کیا کہ یہ کانفرنس اسلامی معاشی نظام کے ملک گیر فروغ اور سود سے پاک پاکستان کے قیام کی جانب ایک مؤثر اور تاریخی سنگِ میل ثابت ہوگی، ان شاء اللہ۔