کراچی – قائدِ اہلِ سنت ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر الازہری (صدر ملی یکجہتی کونسل پاکستان) کی سرپرستی اور ڈاکٹر صاحبزادہ عزیر محمود الازہری (صدر الرابطۃ العالمیۃ لخريجي الازہر پاکستان برانچ) کی زیرِ نگرانی رائز گرامر اسکول گلشنِ کنیز فاطمہ کراچی کے اساتذہ اور طلبہ نے شہدائے فلسطین اور اہلِ غزہ سے یکجہتی اور ان کے حقوق کے لیے ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا۔
ریلی کے شرکاء سے پرجوش خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر صاحبزادہ عزیر محمود الازہری نے اسکول انتظامیہ، معلمات اور معصوم بچوں کے اس پرخلوص جذبے کو سراہا جو رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں روزے کی حالت میں مظلوم فلسطینی بھائیوں کے لیے سڑکوں پر نکلے:
"کم عمری اور محدود وسائل کے باوجود ان ننھے بچوں اور اساتذہ نے حق کا ساتھ دے کر ثابت کر دیا کہ مظلوم کے ساتھ کھڑا ہونا اور باطل کے خلاف آواز اٹھانا ہی اصل بیداری ہے۔"
ڈاکٹر عزیر نے عالمِ اسلام کے حکمرانوں، بااثر ممالک اور ایٹمی طاقت رکھنے والی افواج کی مجرمانہ خاموشی پر شدید درد اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے قرآنِ مجید کی سورۃ النساء کی آیتِ کریمہ تلاوت فرمائی:
«وَمَا لَكُمْ لَا تُقَاتِلُونَ فِي سَبِيلِ اللَّهِ وَالْمُسْتَضْعَفِينَ مِنَ الرِّجَالِ وَالنِّسَاءِ وَالْوِلْدَانِ الَّذِينَ يَقُولُونَ رَبَّنَا أَخْرِجْنَا مِنْ هَٰذِهِ الْقَرْيَةِ الظَّالِمِ أَهْلُهَا»
(سورۃ النساء: 75)
"اور تمہیں کیا ہو گیا ہے کہ تم اللہ کی راہ میں اور ان بے بس مردوں، عورتوں اور بچوں کی خاطر نہیں لڑتے جو دعائیں کر رہے ہیں کہ اے ہمارے رب! ہمیں اس بستی سے نکال جس کے باشندے ظالم ہیں!"
انہوں نے مسلم افواج اور حکمرانوں کی بے حسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جدید اسلحہ اور عسکری طاقت رکھنے کے باوجود وہ مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں اور اپنے دینی بھائیوں کو تنہا چھوڑ دیا ہے۔

ڈاکٹر عزیر نے تقابل پیش کرتے ہوئے فرمایا:
"ہم اپنے گھروں میں انواع و اقسام کی نعمتوں کے ساتھ افطار کرتے ہیں، جبکہ ہمارے فلسطینی بھائی اور بچے بمباری کے ملبے اور تباہ شدہ کھنڈرات میں سحر و افطار کر رہے ہیں، اور افطار کے وقت کھانے کے برتن نہیں بلکہ اپنے شہید بچوں کے لاشے اٹھا رہے ہیں۔"
انہوں نے جامعہ الازہر مصر کے قائدانہ اور اصولی کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا جس نے مسلسل مظلوم فلسطینیوں کی اخلاقی اور فکری حمایت جاری رکھی ہے۔ اختتام پر دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ اہلِ فلسطین کی مدد فرمائے اور ہمیں حق کے علمبرداروں میں شامل رکھے۔ آمین۔
