ڈاکٹر صاحبزادہ عزیر محمود الازہری (صدر ورلڈ ایسوسی ایشن فار الازہر گریجوایٹس پاکستان برانچ و ممبر اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان) نے پنجاب کالج پتوکی میں میلاد النبی ﷺ کے پروقار پروگرام میں اساتذہ اور طلبہ کے عظیم الشان اجتماع سے خصوصی خطاب فرمایا۔

آپ نے "حضور نبی کریم ﷺ کا تعلیمی و اخلاقی انقلاب" کے عنوان پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ محسنِ انسانیت سرورِ کائنات ﷺ کے لائے ہوئے ہمہ گیر انقلاب کی گواہی صرف مسلمان ہی نہیں دیتے، بلکہ دنیا کے غیر مسلم منصف مزاج مستشرقین، تاریخ دان اور محققین بھی اس حقیقت کے برملا معترف ہیں۔

ڈاکٹر عزیر نے مستشرقین مائیکل ایچ ہارٹ اور سر ولیم میور جیسے مغربی مفکرین کے بیانات اور اعترافات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ان محققین نے کھلے دل سے تسلیم کیا ہے کہ تاریخِ انسانیت میں نبی مکرم ﷺ ہی وہ واحد ہستی ہیں جنہوں نے فکری پسماندگی اور جہالت میں ڈوبی ہوئی انسانیت کو علم، تحقیق، تہذیب اور عدل کی لازوال روشنی سے منور فرمایا اور علمی تحقیق کے نئے افق روشناس کرائے۔

pc


اس باوقار علمی تقریب میں ڈائریکٹر چوہدری خالد محمود، ڈائریکٹر رانا محمد امجد اور پرنسپل شیخ مظہر اقبال سمیت معزز علمی شخصیات نے شرکت کی اور ڈاکٹر عزیر محمود الازہری کے مدلل و بصیرت افروز خطاب کو بے حد سراہا۔