سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، کراچی میں ڈاکٹر عزیر محمود الازہری کا پرحکمت خطاب
ڈاکٹر عزیر محمود الازہری (ممبر اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان و صدر ورلڈ ایسوسی ایشن فار الازہر گریجوایٹس پاکستان برانچ) نے سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، کراچی کے طلبہ اور اساتذہ کے لیے منعقدہ ایک خصوصی فکری اور تربیتی سیشن سے متاثر کن خطاب فرمایا۔
اپنے خطاب میں ڈاکٹر عزیر نے پیشہ ورانہ، تکنیکی اور سائنسی تعلیم کو اعلیٰ اخلاقی و روحانی اقدار کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی ناگزیر ضرورت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے نوجوان طلبہ کو تلقین کی کہ وہ اپنے دین اور اسلامی تشخص سے مضبوطی سے جڑے رہیں، اپنے کردار کو پاکیزہ بنائیں اور اپنے حاصل کردہ علم و مہارت کو ذمہ داری اور اخلاقی اصولوں کے ساتھ معاشرے کی بہتری کے لیے استعمال کریں۔
انہوں نے اس امر پر خصوصی زور دیا کہ دورِ حاضر کے نوجوانوں کے لیے لازم ہے کہ وہ جدید ترین سائنسی و تیکنیکی علوم سے خود کو آراستہ کریں، مگر اس کے ساتھ ساتھ وہ اسلامی تعلیمات کے لازوال اصولوں پر سختی سے کاربند رہیں تاکہ وہ عصرِ حاضر کے چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکیں اور قوم و ملت کی تعمیر و ترقی میں فعال اور نتیجہ خیز کردار ادا کر سکیں۔
اس پروقار نشست میں یونیورسٹی کی فیکلٹی، محققین اور کثیر تعداد میں طلبہ نے شرکت کی اور ڈاکٹر عزیر محمود الازہری کی فکر انگیز رہنمائی اور مستقبل کے لیے عملی لائحہ عمل کو دل کی گہرائیوں سے سراہا۔
